کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کھڈہ لیاری کے سینئیر ماہی گیر رہنما ابوذر ماڑی والانے کھڈہ لیاری میں منعقدہ کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے اپنے بلدیاتی امیدواروں کو کامیاب کروائیں گے۔امیدواروں کی لسٹ کراچی ڈویثرن نے تیار کی۔اور اس پر مہر ثبت کرنے والے ہمارے مرکزی قائدین ہیں۔جن کا احترام ہم پر لازم ہے۔ابوذر ماڑی والانے کہا کہ جب سے پاکستان پیپلز پارٹی وجود میں آئی ہے۔اس وقت سے ماہی گیر برادری پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہمیشہ کھڑی ہے۔اور آئندہ بھی اس کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ مبارک ویلج سے لے کر لٹھ بستی،بلدیہ،مورو ویلج،علی محمد محلہ،سرگواٹھ محلہ اورکھڈہ فشر مین کے ماہی گیراپنے بلدیاتی امیدواروں کو اکثریت سے کامیاب کروا کرچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوماہی گیروں کی جانب سے تحفہ پیش کریں گے۔ سینئیر ماہی گیر رہنما ابوذر ماڑی والانے کہا کہ ہمارے جیالوں کے پاس ہر سیاسی سوال کا جواب موجود ہے۔سیاست عوامی عدالت ہے۔کوئی اکھاڑے کا میدان نہیں۔جس میں شرافت اور بدمعاشی کی بات کی جائے۔سیاسی لوگ نظریہ سے،کردار سے اور عوامی خدمت سے آگے بڑھتے ہیں۔اور عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔جیسے ہمارے قائد ذوالفقار علی بھٹوکی مثال موجودہے۔سیاسی بونے اپنی حد سے آگے مت بڑھیں۔جیالے ہر طریقے سے جواب دینا جانتے ہیں۔تقریب میں ماہی گیر جماعتوں کے رہنما اسماعیل جاموٹ،فیض محمد جاموٹ،عیسی یعقوب،زین العابدین،اکرم لالوانی اور شاہ جہان نے بھی خطاب کیا۔