ٹرائیکا حق حکمرانی کھو چکا، 15 جماعتیں اقتدار میں، ملک میں تماشا لگا ہوا: سراج الحق 

Jan 14, 2023


لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی افراتفری، آئینی و معاشی بحران پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی بیڈگورننس ، نااہلی اور کرپشن کا نتیجہ ہے، ٹرائیکا حق حکمرانی کھو چکا۔ پندرہ جماعتیں اقتدار میں، لیکن ملک میں تماشا لگا ہوا ہے۔ گندم کا مصنوعی بحران پیدا کر کے عوام کو کراچی سے چترال تک آٹے کی لائنوں میں کھڑا کر دیا گیا۔ لوگ ایک تھیلا آٹے کے لیے ترس رہے ہیں،جماعت اسلامی ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کر رہی ہے، آج دیربالا میں مظاہرہ ہوا۔ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے حق اور آئندہ نسلوں کی خاطر باہر نکلیں اور جماعت اسلامی کے احتجاج کا حصہ بنیں۔ عدالت اور احتساب کے ادارے کرپٹ حکمرانوں کا احتساب نہیں کر سکے، اب عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ان ظالم جاگیرداروں، کرپٹ سرمایہ داروں کا احتساب کرے۔ وہ دیربالا میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ پارلیمانی لیڈر خیبرپختونخوا عنایت اللہ، سابق ایم این اے طارق اللہ اور امیر ضلع صاحبزادہ فصیح اللہ بھی موجود تھے۔ قبل ازیں انھوں نے دیربالا واڑی میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی جلسہ سے خطاب کیا، مظاہرہ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور وفاقی و صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔امیر جماعت نے سندھ حکومت کے کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم شکست سے خوفزدہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک ہو جائے یا الگ الگ رہے، شکست اس کا مقدر ہے۔ایم کیو ایم نے کراچی کو زخم دیے، انھوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے آئین و جمہوریت کا ساتھ دینے اور 15جنوری کو ہی انتخابات کروانے کے فیصلے کو سراہا اور اسے زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے  مظاہرین کے خلاف مقدمات اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ’’گوادر کو حق دو تحریک‘‘ کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن اور دیگر گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز بلند کی، ہم اب بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انھوں نے واضح کیا کہ جو بھی بلوچستان کے حقوق کے راستے میں رکاوٹ بنے گا، جماعت اسلامی کا اس کے خلاف اعلان جنگ ہے۔

مزیدخبریں