اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے گندم کو صوبائی حکومتوں کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے وفاق کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ، ہمیں بتائیں کس صوبے نے گندم مانگی ہے اور ہم نے نہیں دی، شور بہت ہے کہ گندم نہیں ہے پتا نہیں کہاں چلی گئی،صوبوں کی جانب سے فلور ملوں کو گندم کا مطلوبہ مقدار جاری نہ کرنا بحران کا باعث ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں گندم کی قلت کا غیر ضروری شور پڑا تھا ، گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں ، پہلے دن سے ہی بھانپ لیا تھا کہ گندم کے وافرذخائر ملک میں موجود ہیں ، آٹے اور گندم پر وزیراعظم کے بہت تحفظات ہیں،گندم صوبائی حکومتوں کا مسئلہ ہے اس معاملے پر وفاق کا کوئی لینا دینا نہیں، ہمیں صرف غذائی اجناس کو یقینی بناناہوتا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہاں گندم کی قلت ہے،کے پی کی 10لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ڈیمانڈ پوری کی، وفاق نے صوبوں کو ان کی ضرورت کے مطابق گندم فراہم کردی ہے، ہمارا کام صوبوں کو گندم پہنچانا ہے، اب صوبوں سے کہا ہے کہ پورٹ سے ڈائریکٹ گندم اٹھالیں، پورٹ سے گندم اٹھانے سے انہیں کرائے کی مد میں بچت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوامی ردعمل کے بعد پنجاب حکومت نے اب ملوں کو گندم کی فراہمی میں اضافہ کر دیا ہے۔
طارق بشیر چیمہ نے گندم کو صوبائی حکومتوں کا معاملہ قرار دیدیا
Jan 14, 2023