کوئی مذہب انسانیت کی تذلیل کی اجازت نہیں دیتا، عبدالخبیر آزاد 

Jan 14, 2023


لاہور(خصوصی نامہ نگار)اللہ تعالیٰ نے انسان اور انسانی تہذیب کی بنیاد عالمگیریت پر رکھی ہے۔ مولاناڈاکٹر سید محمد عبدالقادر آزاد اتحاد،امن،سلامتی و یکجہتی،رواداری کے عالمی مبلغ و سفیرامن تھے اس امر کا اظہار تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد میں سابق خطیب بادشاہی مسجد امام السلاطین والملو ک مولاناڈاکٹر سیدمحمدعبدالقادرآزاد کی یاد میں ’’تشدد سے پاک معاشرہ، احترام انسانیت، اتحاد امت اور پیغام پاکستان‘‘کے موضوع پر منعقد ہ داعی اتحاد امت کانفرنس کے شرکاء  سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ کانفرنس کی میزبانی و صدارت  چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی/خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کی۔ جبکہ کانفرنس سے معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب واحد ارجمند و دیگر ممتاز علماء کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی جید شخصیات نے بھی خطاب کیا۔مولا نا سید عبد الخبیر آزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیار، محبت، بھائی چارے، برداشت کے کلچر کو فروغ دینا دین اسلام کے بنیادی اصولوں میں سے ہے۔دنیا کا کوئی مذہب انسانیت کی تذلیل کا درس نہیں دیتا، نبی رحمت کی حیات طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے،  شرکاء  سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے مولاناآزاد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولاناآزاد کی روشن خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا،کانفرنس کے آخر میں پاکستان کی سلامتی،افواج پاکستان کی مضبوطی،عالم اسلام کے اتحاد وخوشحالی،فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی اورسیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے خصوصی دعائبھی کی گئی۔  

مزیدخبریں