کشمیر متنازعہ معاملہ،عالمی برادری حل میں کر دارادا کر ے،کابل دہشت گردی قابل مزمت:پاکستان


 اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ جینیوا کانفرنس میں عالمی برادری اور مالیاتی اداروں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے دل کھول کر مدد کی ہے ، پاکستان کے نئی دہلی ہائی کمشن میں حکام کی جانب سے بھارتی خاتون سے مبینہ طور پر ’نامناسب‘ سوالات پوچھنے کے الزامات کو دیکھ رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دو روزہ دورہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر کیا ہے۔ وزیر اعظم نے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر اور وزیر اعظم کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے پاکستان نے جنیوا میں ڈونرز کانفرنس منعقد کی جس میں عالمی برادری اور مالیاتی اداروں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے دل کھول کر مدد کی ہے۔ کابل میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ممالک کے لئے خطرہ ہے۔ پاکستان مشکل وقت میں افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ عالمی برادری متنازعہ فیصلہ حل کرنے میں کردار ادا کرے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے نئی دہلی ہائی کمیشن میں حکام کی جانب سے بھارتی خاتون سے مبینہ طور پر ’نامناسب‘ سوالات پوچھنے کے الزامات کو دیکھ رہے ہیں اور کوئی بدسلوکی برداشت نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن