لاڑکانہ(بیورورپورٹ) لاڑکانہ میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر محکمہ صحت کے ملازمین نے لاڑکانہ کے چاروں سرکاری ہسپتالوں چانڈکا ٹیچنگ ہسپتال، سول ہسپتال، شیخ زید چلڈرن ہسپتال اور شیخ زید ویمن ہسپتال میں پانچویں روز بھی 2 گھنٹے کی ٹوکن ہڑتال کی جس کے باعث لاڑکانہ شہر اور گردونواح سے آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، دریں اثناء پاکستان پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے سٹی او پی ڈی کے باہر دھرنا دیا گیا جس میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، ینگ کنسلٹس ایسوسی ایشن اور ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں شاہی خان جاگیرانی اور دیگر نے کہا کہ ہمارے رہنما گزشتہ روز سندھ گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے 3 روزہ الٹی میٹم مکمل ہونے کا انتظار کر رہے تھے تاہم صوبائی وزیر سید ناصر شاہ، سعید غنی اور دیگر نے رابطہ نہیں کیا، ایسا لگتا ہے کہ سندھ حکومت ملازمین کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں، اس لیے ہم ٹوکن ہڑتال کے ساتھ 16 جنوری سے شروع ہونے والی پولیو مہم کا بائیکاٹ کریں گے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ رسک الاؤنس، ٹائم سکیل، سروس سٹرکچر، یوٹیلٹی الاؤنس سمیت دیگر جائز مطالبات منظور کرکے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر 2 گھنٹے کی ٹوکن ہڑتال، مریض پریشان
Jan 14, 2023