پہلے مریم، انتخابات کے وقت نواز شریف بھی واپس آئیں گے: احسن اقبال 

Jan 14, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف سے یہ بات طے ہوئی کہ اگلے ہفتے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں تمام سیاسی فیصلے کیے جائیں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پہلے مریم نواز وطن واپس آئیں گی اور جب ملک میں عام انتخابات کی مہم ہوگی  تو اس کی قیادت کرنے کیلئے نواز شریف بھی واپس آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک آئینی بحران پیدا ہو سکتا ہے کیوں کہ عمران خان کی حکومت نے خود یہ فیصلہ کیا تھا کہ آئندہ انتخابات نئی مردم شماری کے تحت ہوں گے، اب یہ الیکشن کمشن نے فیصلہ کرنا ہے کہ جب نئی مردم شماری کا عمل جاری ہو تو اس وقت پوری اسمبلی اور عام انتخابات پرانی مردم شماری کے تحت ہوسکتے ہیں یا نہیں؟۔ احسن اقبال نے کہا ن لیگ الیکشن میں بھر پور انداز میں حصہ لے گی۔ ہماری  تدبیر کامیاب ہوئی ہے۔ عمران نے اپنے ہاتھوں سے حکومتیں ختم کر لیں۔ ہماری کوشش تھی یا تو عدم اعتماد آئے یا پنجاب حکومت مستعفی ہو۔ جب الیکشن ہوں گے عوام ان سے چینی اور آٹے کا حساب لیں گے۔ چینی اور آٹے  کے بحران میں یہ پہلے  بھی کمائی کر چکے ہیں۔ ن لیگ کو پنجاب نے 2018 ء میں مینڈیٹ دیا تھا جو چرا لیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی نے پنجاب میں چوری کے مینڈیٹ پر قائم اپنی حکومت ختم کی۔ عمران نے عثمان بزدار کی صورت میں پنجاب سے بدترین انتقام لیا۔ حمزہ شہباز کو بچی کے علاج کیلئے لندن آنا پڑا۔ پی ٹی آئی نے بلدیاتی اداروں کا قتل عام کیا۔ لوگ اس کا حساب لیں گے۔

مزیدخبریں