اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پانچ پی ٹی آئی ارکان پنجاب اسمبلی پر بکنے کا الزام لگا دیا۔ فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر 5 ارکان پنجاب اسمبلی خرم لغاری، فیصل فاروق، مومنہ وحید، دوست مزاری اور چوہدری مسعود کی تصاویر اپ لوڈ کرتے ہوئے کہا کہ ان افراد سے ملک کی سیاست کو پاک کرنا عوام کی ذمہ داری ہے۔ دوسری طرف پی ٹی آئی کی پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والے 2 ارکان پنجاب اسمبلی کیخلاف کارروائی شروع کردی گئی۔ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کے دوران غیر حاضر رہنے والی مومنہ وحید اور فیصل فاروق چیمہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے۔ شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ذاتی حیثیت میں آج 14 جنوری کو پارٹی چیئرمین عمران خان کے روبرو پیش ہوں۔ شوکاز نوٹس میں دونوں ارکان کیخلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔ شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے بطور پارلیمانی رکن پی ٹی آئی کی واضح پالیسی سے انحراف کیا۔
اعتماد کا ووٹ : فواد چودھری کا 5 پی ٹی آئی ارکان پر بکنے کا الزام ، 2 کو شوکاز نوٹس
Jan 14, 2023