لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ وزیراعظم کی محنت اور کوششوں سے ملک کی معیشت بحرانی کیفیت سے نکل آئے گی۔ ایک بدبخت سیاسی لیڈر ملک کو ڈیفالٹ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ وقت سے پہلے اسمبلیاں توڑنا غیر جمہوری اور غیر آئینی کام ہے۔ پہلے اسمبلیاں مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر توڑا کرتے تھے اب آمریت کی سوچ رکھنے والا سیاسی آمر اسمبلیاں توڑ رہا ہے۔ ہم نے اپنی کوشش کی کہ اسمبلی نہ ٹوٹے۔ یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ ہم نے غیر جمہوری عمل کا ساتھ نہیں دیا۔ الیکشن ہوتا ہے تو ہم پوری طرح تیار ہیں۔ بعض معاملات آئینی اور قانونی طور پر جائز ہونے کے باوجود نامناسب ہوتے ہیں۔ اس نے اپنی انا اور ضد کی خاطر غلط بیانیے‘ جھوٹے ایجنڈے کو آگے بڑھایا۔ اس نے سائفر والے معاملے پر سفارتی محاذ پر ملک کا نقصان کیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف سمیت پارٹی کی اکثریت کی رائے تھی عمران خان کو اسمبلیاں توڑنے دی جائیں۔ آئینی معاملہ ہے۔ اب پنجاب اسمبلی تحلیل ہو چکی۔ اب ہم بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ پارٹی نے نوازشریف کو اپیل کی ہے کہ وہ پنجاب‘ خیبر پی کے کی انتخابی مہم کو لیڈ کریں۔ امید ہے نوازشریف پارٹی کی اپیل کو قبول کریں گے اور واپس آئیں گے۔ نوازشریف کا اپنا بھی واپس آنے کا ارادہ ہے۔ ان کے 10 سے 12 لوگوں نے ہم سے رابطہ کیا تھا۔ 5 نہیں آئے۔