پنجاب اسمبلی کی تحلیل ، فیصلہ سب پہلو دیکھ کر کروں گا ،گورنر : حکومت نہ بھاگے الیکشن پر مزاکرات کرے : پی ٹی آئی 

 لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ صوبہ پنجاب کی نمائندہ اسمبلی کو تحلیل کرنے کی ایڈوائس مجھ تک پہنچی ہے۔ جمہوری فرد کے لیے ایوان کو توڑنا مشکل کام ہے، لیکن آئین میں اسمبلی تحلیل کرنے کی شق موجود ہے، اس کے قانونی پہلو کو دیکھنا میرے فریضے میں شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز  ایکسپو سینٹر لاہور میں پراپرٹی اینڈ لیونگ ایکسپو کے پہلے ایڈیشن کے افتتاحی سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئینی اور قانونی تمام پہلوئوں کو دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے، نگران سیٹ اپ اور آئندہ الیکشن کی تاریخ بھی دینی ہے۔ ان سب پہلوئوں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کروں گا جو آئینی، قانونی اور ملک و قوم کے مفاد میں ہو۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار کا فروغ ملک کی معیشت کی ترقی کے لیے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی نمائشوں کے انعقاد سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کاروباری حضرات ٹیکس دے کر ملک کی معیشت میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار سے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کاروباری برادری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے اور تجارت اور صنعت کے فروغ کے لئے بہترین کوششیں کررہی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق 90 روز میں الیکشن کرانا ہیں جن میں رمضان المبارک بھی ہوگا، ایک نگران سیٹ اپ بھی بنانا ہے، سب چیزیں دیکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سمری آنے کے بعد 48 گھنٹے ہوتے ہیں اور میرے پاس آج تک کا وقت ہے۔
 لاہور(نیوز رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت الیکشن سے کتنی دیر بھاگے گی، ابھی بھی وقت ہے الیکشن کے فریم ورک پر ہمارے ساتھ بیٹھے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات گورنر پنجاب کو سمری موصول ہو گئی تھی، گورنر پنجاب مزید 24 گھنٹے کا انتظار نہ کریں، اسمبلی کی تحلیل کا آرڈر جاری کریں تاکہ نگران سیٹ اپ کی تشکیل کا عمل شروع ہو سکے۔ پرویزالہیٰ حمزہ شہباز کو اپنے تین نام بھیجیں گے، امید کرتے ہیں حمزہ شہباز بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے، ایسے نام سامنے آئیں گے جن پر سب کو اتفاق ہو گا۔ فواد چودھری نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ، کابینہ اراکین نے آج زمان پارک آنا تھا، موسم کی خرابی کی وجہ سے نہیں آسکے، فون پر ان سے بات ہو گئی ہے، انہوں نے ایڈوائس تیار کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل کراچی میں تاجروں نے سٹیٹ بینک کے باہر احتجاج کیا، یہ موجودہ حکومت کی نااہلی ہے، پاکستان کی معیشت کو اب بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، نالائق ٹولے نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کا ماضی ہے جب بھی اقتدار میں آئے معیشت کو تباہ کر کے گئے، جب وزیر خزانہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہو گا تو کیسے معاشی خوشحالی آسکتی ہے؟۔ کراچی بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ درست ہے، اسلام آباد میں اب تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہو سکے، رانا ثناء اللہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھا۔ فواد چودھری نے ایم کیو ایم دھڑوں کو ’’ نئی برائلر ایم کیو ایم ‘‘ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں الیکشن سے بچنے کی کوششیں کر رہی ہیں، اگر الیکشن نہیں کرانا چاہتے تو پھر جمہوریت کا کوئی تصور نہیں رہ جاتا۔ کراچی، حیدر آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وفاقی حکومت الیکشن سے کتنی دیر بھاگے گی، حکومت کو کہتا ہوں ابھی بھی وقت ہے الیکشن کے فریم ورک پر ہمارے ساتھ بیٹھے، پورے ملک میں ایک ہی وقت میں الیکشن ہونے چاہئیں، وفاقی حکومت عقل کو استعمال کر کے الیکشن کا فریم ورک طے کرے۔ انہوں نے کہا کہ دھڑوں نے مل کر نئی برائلر ایم کیو ایم بنائی ہے۔ عمران خان پر حملے کی تفتیش کو آزادانہ طورپر ہونے دیا جائے۔ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ تفتیش میں کوئی رکاوٹ ڈالے۔ حمزہ شہباز کو نگران سیٹ اپ کیلئے خط لکھ دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن