وہوا، ملتان (نامہ نگار، تحصیل رپوٹر، نمائندہ خصوصی) ضلع تونسہ شریف میں تھانہ وہوا کی حدود میں پنجاب اور کے پی کے کے بارڈر پر واقع پولیس چیک پوسٹ پر موٹر سائیکل پر سوار مسلح دہشت گردوں نے کلاشنکوفوں سے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں پکٹ پر تعینات ہیڈ کانسٹیبل مظہر اقبال قیصرانی اور وہاں موجود ایک مقامی شہری باسط ولد سیف اللہ موقع پر شہید ہوگئے۔ جبکہ کانسٹیبل محمد رمضان شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی اہلکار محمد رمضان کو ڈی ایچ کیو ہسپتال تونسہ منتقل کردیا گیا۔ حملہ کے بعد دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ حملہ کی اطلاع ملنے پر آر پی او ڈیرہ غازی خان، ڈی پی او، پولیس تھانہ وہوا، ریتڑہ اور تھانہ تونسہ سے پولیس پارٹیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کر دی ہے اور اس کے ساتھ ہی پولیس کی بھاری نفری کو ملزمان کے تعاقب کیلئے روانہ بھی کر دیا گیا۔