لاہور (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ فوج سے لڑائی پاگل پن ہوگا، فوج سے کوئی لڑائی نہیں۔لاہور میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر حملہ ہوا، شہباز گل اور اعظم سواتی کے ساتھ جو کچھ ہوا سب کو معاف کر کے آگے بڑھنے کو تیار ہوں۔عمران خان نے کہا کہ فوج کا کرونا، انسداد پولیو مہم میں اہم کردار تھا، اسمگلنگ روکنے اور احتساب کیلئے فوج درکار ہوگی۔سینیئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے مسلم لیگ ق کے پی ٹی آئی میں انضمام کی خواہش بھی ظاہر کر دی جب کہ مونس الہٰی کی بے انتہا تعریف کی اور کہا کہ ق لیگ کے بڑوں کوبھی مونس نے ہی راضی کیا، انہیں بتایا کہ مستقبل پی ٹی آئی کے ہی ساتھ ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیش گوئی کی ہے کہ (ق) لیگ آگے چل کر پی ٹی آئی کا حصہ بن جائے گی۔ اینکر پرسنز سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ مونس الٰہی نے بہت اچھا کردار ادا کیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے فوری بعد خیبر پی کے اسمبلی بھی تحلیل کر دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نگران سیٹ اپ کو طول نہیں دے پائیں گے۔ نئی اسٹیبلشمنٹ ان کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی۔ میرا خیال ہے کہ (ق) لیگ آگے چل کر پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بن جائے گی۔ سابق وزیراعظم نے 186 ممبران پورے ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لگ رہا تھا ہمارے 186 ارکان پورے نہیں ہو پائیں گے مگر ہم نے 186 ارکان پورے کرکے دکھا دیئے۔ دوسری طرف عمران خان کی سربراہی میں پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کیلئے ناموں کے انتخاب کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فواد چودھری‘ فرخ حبیب‘ مسز جمشید چیمہ‘ اعظم سواتی نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی آ ج پرویزالٰہی کو نگران وزیراعلیٰ کیلئے اپنے ناموں سے آگاہ کرے گی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اتوار کو کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن کیلئے ووٹرز خود اور دوسروں کو الیکشن ڈے پر باہر نکالیں۔ تحریک انصاف کا مقابلہ 30 سال سے خون نچوڑنے والی جماعتوں سے ہے، ووٹ سے ثابت کریں گے کہ نئے پاکستان کی طرف جا رہے ہیں۔
نگران سیٹ اپ کو طول نہیں دیا جاسکے گا ، ق لیگ پی ٹی آئی کا حصہ بن جائیگی : عمران
Jan 14, 2023