لندن+ لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملاقات کی۔ سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ انتخابات کیلئے تیار ہیں۔ قومی اسمبلی کے انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ نواز شریف نے پنجاب میں پارٹی کو انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت کر دی۔ مزید برآں نواز شریف کا وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو پھر فون، پنجاب اسمبلی کی تحلیل، سیاسی صورتحال اور پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ سے لیکر دو روز میں نواز شریف نے رانا ثناء اللہ کو تین بار فون کیا۔ اور لمحہ بہ لمحہ صورتحال کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں گائیڈ لائن دی۔ نواز شریف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گفتگو کے دوران میاں نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی کو اعتماد کے ووٹ کے موقع پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ ذمہ داری لینے والوں کو کمزور پچ پر نہیں کھیلنا چاہیے تھا۔ رانا ثناء اللہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کی یقین دہانی پر ہم نے موقف تبدیل کیا تھا اور پارٹی اپنے اس موقف پر قائم تھی۔