لاہور(نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر پنجاب کو بھیجے جانے کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں حصص کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ کے ایس ای100 انڈیکس کاروبار کے آغاز ہوتے ہی 367 پوائنٹس یا 0.9 فیصد کمی کے بعد 40 ہزار 437 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ انٹرمارکیٹ سکیورٹیز کے ہیڈ آف ایکویٹی رضا جعفری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے انڈیکس میں دباؤ رہا ہے۔ دلال سکیورٹیز کے سی ای او صدیق دلال نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے ڈالر آنے کے باوجود کاروبار میں مثبت اثر ہونا چاہیے تھا، لیکن پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ہدایات کے بعد دوبارہ غیر یقینی کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے بعد خیبرپی کے اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد غیر یقینی کی کیفیت رہے گی، وفاقی حکومت کو بھی قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے اور نویں جائزہ قسط کو مکمل کرنے کیلئے نگراں حکومت، آئی ایم ایف سے مذاکرات کا اختیار نہیں رکھتی۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری تجارتی دن کی وجہ سے ہمیں منافع کی توقع تھی لیکن اب مندی میں مثبت رجحان برقرار نہیں رہ سکتا۔