لاہور(کامرس رپورٹر) لاس اینجلس کیلئے پاکستانی کونسل جنرل عاصم علی خان نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کیلئے انتہائی اہم برآمدی مارکیٹ ہے۔ چیمبرز قونصلیٹ کو آگاہ کریں کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کیلئے کیا اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔ وہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر چودھری ظفر محمود، نائب صدر عدنان خالد بٹ اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ قونصل جنرل نے کہا کہ امریکہ بہت بڑی مارکیٹ اور تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع سے مالامال ہے۔ لاس اینجلس میں پاکستانی قونصل خانہ تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش میں پاکستانی تاجروں کی ہر ممکن مدد کرے گا۔
قونصلیٹ کو کیلیفورنیا سمیت دس ریاستوں تک رسائی حاصل ہے۔