پاکستان کے بغیر ہاکی ورلڈکپ کا ہونا بدقسمتی :سابق ہاکی اولمپئنز 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق کپتان ڈاکٹر طارق عزیز، منظور الحسن، کرنل ریٹائرڈ مدثر اصغر اور خواجہ جنیدنے کہا ہے کہ پاکستان کے بغیر ہاکی ورلڈکپ کا ہونا اس ملک کیلئے بدقسمتی ہے جو 4 بار ہاکی کا عالمی چیمپئن رہا ہو۔ ڈاکٹر طارق عزیز کا کہنا تھا کہ ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان کے نہ ہونے کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، صرف آنسو ہی بہائے جاسکتے ہیں یہ وقت ہم سب کیلئے شرمندگی کا ہے،پاکستان ہاکی کے معاملات چلانے والے کھیل سے مخلص نہیں۔اولمپئن منظور الحسن نے کہا کہ دکھ والی بات بہت چھوٹا لفظ ہے، ہاکی سے محبت کرنے والا ہر پاکستانی اس وقت غم میں مبتلا ہے، ہم نے چار بار ورلڈکپ جیتا، آج یہ حالات ہیں کہ ہمارا نام و نشان بھی اس میں باقی نہیں بچا،بہت بڑا سانحہ ہے۔کرنل ریٹائرڈ مدثر اصغر نے کہا کہ نمبرون سے اس وقت 17ویں پوزیشن پر پہنچ چکے ہیں، یہ کھیل کی تباہی نہیں تو پھر اور کیا ہے۔اولمپپئن خواجہ جنید نے کہاکہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کا نہ ہونا بہت بڑا المیہ ہے، ماضی میں جو ہوا، اس کو بھول کر مستقبل کی فکر اور تیاری کرنی چاہیے،اگلے ورلڈکپ کو ٹارگٹ بناکر ابھی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، چار سال میں ہم نیک نیتی اور مخلص ہوکر کام کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اگلی بار ورلڈکپ نہ کھیل سکیں،لڑکوںمیں ٹیلنٹ ہے اور دنیا پر راج کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن