لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل خراب پرفارمنس پر بابراعظم کو محض ایک فارمیٹ میں ٹیم کا کپتان بنانے پر غور شروع کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد بابراعظم کو محض ایک فارمیٹ میں کپتان بنانے پر غور شروع کردیا ہے۔ ٹیسٹ میں قیادت سرفراز احمد کو سونپنے کا امکان ہے،بابر اعظم بدستور ٹی ٹونٹی میں فرائض نبھاتے رہیں گے،شان مسعود کو ون ڈے میں کپتان بنانے کی باتیں ہورہی ہیں، اسی لیے انھیں نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز میں نائب قائد کی ذمہ داری دی گئی لیکن ٹیم مینجمنٹ نے ابتدائی دونوں میچز میں نہیں کھلایا۔پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی سمجھتی ہے کہ ٹاپ بیٹر پر کام کا دبائو بہت زیادہ ہے، بیٹنگ کیساتھ انھیں قیادت کے معاملات بھی دیکھنا پڑتے ہیں،اسی لیے تینوں طرز میں الگ کپتان مقرر کرنے پر غور ہونے لگا ہے۔بابر کو ٹی20 میں قائد برقرار رکھے جانے کا قوی امکان ہے، ان کی زیرقیادت قومی ٹیم نے گزشتہ سال ورلڈکپ کا فائنل کھیلا تھا، ٹیسٹ میں ایک بار پھر سرفراز احمد کو ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے، انھوں نے کیویز کیخلاف سب سے زیادہ رنز بنائے اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے، دوسرے ٹیسٹ میں سرفراز کی سنچری سے تقویت پاکر پاکستان نے شکست کو پرے دھکیلا تھا، ون ڈے میں شان مسعود کو کپتان بنانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ہوم سیزن کے اختتام پر بابراعظم کی کپتانی کے مستقبل فیصلہ ہوگا جبکہ ہیڈکوچ ثقلین مشتاق اور بائولنگ کوچ شان ٹیٹ کے مدت ملازمت کے حوالے سے معاہدہ بھی فروری میں مکمل ہوجائیگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئندہ عرصے میں چند اہم اور بڑے فیصلے متوقع ہیں، جس میں کپتان، کوچ، بائولنگ کوچ اور سپورٹ سٹاف شامل ہیں۔عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے شان مسعود کو نائب کپتان بنائے جانے کا فیصلہ بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جبکہ تینوں فارمیٹ میں بابراعظم کا اثر و رسوخ کم کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔اس سے قبل بھی رپورٹس گردش کررہیں تھی کہ قومی ٹیم کیلئے تینوں فارمیٹس میں الگ الگ کپتان مقرر کیے جاسکتے ہیں۔