لاہور(اسپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر فخر زمان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ون ڈے کرکٹ میں سنچری بنانے والے 11 ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ اس میدان پر ون ڈے میچز میں 33 سنچریز سکور کی گئیں، پہلی سنچری ظہیر عباس نے 1983 میں بنائی تھی اور ان کا سکور 113 رنز تھا۔سلمان بٹ نے 2008 اور 2009 میں، محمد یوسف نے 2002 اور 2004 نے دو دو بار سنچریز بنائیں جبکہ عامر سہیل 1996، انضمام الحق 2004، کامران اکمل 2005، یونس خان 2008، شعیب ملک 2008 اور بابر اعظم 2019 میں ایک ایک بار سنچری بناچکے ہیں۔ ون ڈے میں نیشنل سٹیڈیم پر سب سے زیادہ انفرادی سکور 181 ہے اور یہ کارنامہ ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈز نے سرانجام دیا تھا۔ بھارت کے 5 کھلاڑیوں نے 6 سنچریز سکور کی ہیں جس میں سریش رائنا کی 2 شامل ہیں،ویسٹ انڈیز کی جانب سے 4 کھلاڑیوں نے 5 سنچریز بنائی ہیں، ویوین رچرڈز نے 2 مرتبہ سنچری بنائی۔ سری لنکا کے 4 کھلاڑیوں نے 6 سنچریز بنائیں، جے سوریا اور کمار سنگاکارا نے 2،2 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ایک ایک کھلاڑی نے اس میدان میں سنچری سکور کی ہے۔