کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے یکساں ٹیرف کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 4.49روپے تک مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ۔حکومت کی جانب سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)کو کے الیکٹرک صارفین کے لئے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ نیپرا کی جانب سے جمعہ 13جنوری کو یکساں ٹیرف کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ جاری کیا گیا۔ نیپرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مختلف کیٹیگریز کیلئے قیمتوں میں اضافہ 1.49سے 4.49روپے تک ہوگا۔ فیصلے سے صارفین پر 16 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ قیمتوں کی ایڈ جسٹمنٹ اکتوبر، نومبر، دسمبر 2022اور جنوری 2023میں استعمال ہوئیں۔ اضافی ایڈ جسٹمنٹ جنوری سے اپریل 2023تک 4ماہ میں وصول کی جائے گی۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے یکساں ٹیرف کیلئے درخواست دی تھی۔ نیپرا اتھارٹی نے27دسمبر کو وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ قبل ازیں نیپرا کے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے کے-الیکٹرک کا ٹیرف ڈسکوز کے ساتھ یکساں کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی۔نیپرا نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت یکساں ٹیرف کے حوالے سے کے-الیکٹرک کے لیے بھی یکساں اضافے کی منظوری چاہتی ہے۔
وفاقی حکومت کی درخواست پرکراچی کیلئے بجلی مزید مہنگی
Jan 14, 2023