گوجرانوالہ( نمائندہ خصوصی ) گوجرانوالہ چیمبرکے صدر شیخ فیصل ایوب ،سینئرنائب صدر حمیس گلزار مغل اور نائب صدر عادل ندیم نے مشترکہ بیان میں کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے عدم تعاون کے باعث بندرگاہوں پر کھڑے کنٹینرز کلیئرنس کے منتظرہیں جس کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہو چکے ،ان کنٹینرز پرڈیمرج اور ڈیٹنشن چارجز سامان کی مالیت سے زیادہ ہو چکے۔انہوں نے کہا گزشتہ روز کراچی کی تاجر برادری نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا،اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو تمام شہروں میں تاجر ہڑتالیں کریں گے اور حالات خراب ہونے کی تمام ترذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ سمجھ سے بالا تر ہے کہ حکومت یہ بات تسلیم کیوں نہیں کر رہی ہے کہ اس وقت ملکی کاروباری حالات ایسے نہیں کہ بزنس کمیونٹی کو مزید مالی نقصان پہنچایا جائے ۔انہوں حکومت وقت سے پر زور مطالبہ کیا کہ بزنس کمیونٹی کی مشکلات کا مد نظررکھتے ہوئے فوری اقدامات کر کے بندرگاہوں پر کھڑے کنٹینرز کو نہ صرف ریلیز کروایا جائے ۔بلکہ ان پر جو ڈیٹمرج اور ڈیٹنشن چارجز لگے ہیں انہیں ختم کیا جائے ۔