کراچی (کامرس رپورٹر ) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے سی ای او صلاح الدین سے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی اور کورنگی صنعتی علاقے میں درپیش مسائل اور گزشتہ ملاقات کے فیصلوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زبیر چھایا، سینئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی ، مسعود نقی اور دانش خان بھی موجود تھے۔ ایم ڈی و سی ای او واٹر بورڈ نے کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل حل کرنے کیلئے ٹاسک فورس کے قیام پر رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ نے چیف انجینئر کو ٹاسک فورس میں اضافی چارج دینے اور ایک سیکشن آفیسر کو مقرر کرنے کی حامی بھرتے ہوئے کاٹی کے وفد کو آئندہ بجٹ میں کورنگی صنعتی علاقے کیلئے رقم مختص کرنے اور زیر التوا ءمنصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ملاقات میں کاٹی کے صدر فراز الرحمان نے سی ای او واٹر بورڈ کو انفرااسٹرکچر کے مسائل سے متعلق آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں سیوریج کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے جبکہ تاحال پانی کی قلت کو دور نہیں کیا جا سکا۔ صدر کاٹی نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں پاکستان کی سرفہرست ایکسپورٹ انڈسٹری سمیت دیگر ملک کی بڑی صنعتیں موجود ہیں جو پانی کی قلت کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ نکاسی کا نظام پرانا ہونے کے باعث سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کا باعث بن رہا ہے ایسے میں واٹر بورڈ کی جانب سے ذمہ دار افسران پر مشتمل ٹاسک فورس قائم کی جائے جو انفرااسٹرکچر سمیت تمام بنیادی مسائل کی نشاندہی کرکے ان کے حل کیلئے جامع حکمت عملی اپنائیں۔ صدر کاٹی فراز الرحمان نے سی ای او واٹر بورڈ کی جانب سے چیف انجینئر کی زیر نگرانی ٹاسک فورس بنانے پر رضامندی کا خیر مقدم کیا ہے۔سی ای او کائیٹ لمیٹڈ زبیر چھایا نے کہا کہ سیوریج پانی کی نکاسی کے لئے آلات اور مشینیں جلد فراہم کی جائیں تاکہ کورنگی صنعتی علاقے کو صاف ،سرسبز اور مثالی صنعتی زون بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتکاروں کو درپیش بلنگ کے مسائل کو بھی باہمی مشاورت سے حل کیا جائے۔
کاٹی