مکوآنہ ( این این آئی ) فیصل آباد چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن اعجاز احمد ناگرہ نے کہاہے کہ اقوام متحدہ اور پاکستان کی جانب سے منعقدہ جنیوا کانفرنس میں پاکستان کیلئے دنیا کی جانب سے 10 ارب ڈالر سے زیادہ کے اعلانات اور وعدے بڑی کامیابی ہیں۔ یہ موجودہ حکومت کی جانب سے کامیاب سفارتکاری اور پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کا ثبوت ہے جس سے نہ صرف پاکستان کے 3 کروڑسیلاب زدگان کو ریلیف ملے گا بلکہ پاکستان کے معاشی ڈیفالٹ سے متعلق افواہوں کا بھی خاتمہ ہو گا۔اس کانفرنس کی کامیابی سے یہ بات بھی ظاہر ہو گئی ہے کہ پاکستان کی عالمی تنہائی ختم ہوگئی ہے اور عالمی برادری پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ اعجاز احمد ناگرہ نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جیسے اہم ملک سے کشیدگی میں کمی کا کریڈٹ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو جاتا ہے جس پر وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کاوشوں کی وجہ سے اس کانفرنس میں صوبوں نے بھی شرکت کی جس سے کانفرنس کے شرکاء کوقومی یکجہتی اور اتحاد کا ثبوت ملا اور مثبت پیغام گیا جبکہ پاکستان کے متعلقہ سفارتکاروں اور دیگر افسران نے بھی اس سلسلہ میں لگن، محنت اور مقصد کو سامنے رکھ کر تمام مسائل حل کئے اور تمام مراحل کو خوش اسلوبی سے طے کیا۔