قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی 95 ویں سالگرہ دبئی میں منائی گئی
ممبر پنجاب اسمبلی اور سابق سینئر وزیر پنجاب سید حسن مرتضی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی
----------------------------
فخر ایشیا، قائد عوام، پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 95 ویں سالگرہ دبئی میں منائی گئی۔ سالگرہ کا اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی گلف/مڈل ایسٹ کے صدر میاں منیرھانس نے دبئی کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں کیا۔ سالگرہ کی تقریب میں ذوالفقار علی بھٹو کی 95 ویں سالگرہ کی مناسبت سے عظیم الجثہ کیک کاٹا گیا، ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی اور "جئے بھٹو، جئے بینظیر" کے نعرے لگائے گئے۔ سالگرہ تقریب میں پی پی پی کے متعدد کارکنوں نے تقاریر کیں اور بھٹو خاندان کو خراج تحسین پیش کیا۔ ممبر پنجاب اسمبلی اور سابق سینئر وزیر پنجاب سید حسن مرتضی اورپی پی پی گلف/مڈل ایسٹ کے صدر میاں منیرھانس نے اپنے خطاب میں بڑے زبردست الفاظ میں فخر ایشیا، قائد عوام، پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹوکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹوصحیح معنوں میں عوامی لیڈر تھے جنہوں نے پاکستان کے عوام کو جینے کا ڈھنگ اور شعور دیا۔ انہوں نے مزدور کو اپنا حق لینے کا اختیار دیا، طالب علموں کو اتحاد کی طاقت کا درس دیا، عوام الناس کو اپنے حق، حقوق کے حصول کے لئے زبان اور جرات دی، خواتین کو ان کے حقوق دلانے کے لیے خواتین کو با اختیار کیا، عام پاکستانی کے لئے پاسپورٹ کے حصول کو آسان بنایا اور پاکستانیوں کے لئے بیرون ملک، سمندر پر روزگار کے دروازے کھولے۔ میاں منیرھانس اور سید حسن مرتضی نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو ایک عالمی لیڈر تھے جنہیں پوری دنیا آج بھی یاد کرتی ہے۔ انہیں مارنے والے خود مر گئے اور تاریخ کے اوراق میں گم ہو گئے لیکن ذوالفقارعلی بھٹو اور ان کا نام آج بھی زندہ ہے اور تا قیامت زندہ رہے گا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط جمہوری نظام دینے اور پاکستان کو ہر لحاظ سے مضبوط بنانے کیلئے بھٹو خاندان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ہم تمام پارٹی ورکر بھٹو ازم اور بھٹو مشن کو آگے بڑھانے کے لئے اپنے لیڈران آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر دیں گے اور پاکستان کو ایک خوشحال مملکت بنا کردم لیں گے۔ تقریب میں شائستہ کھوسہ ایڈووکیٹ ، کامریڈ شائستہ جبیں، نثارمحمود خٹک ، ملک اسلم، ملک خادم شاہین، محمد ارشد بٹ، عاطف گیلانی، عرفان قمر گوندل، حسیب منیر ہانس، ملک خرم شہزاد اعوان، رضوان عبداللہ، قیصر آفریدی، رائے سعید منج، امین سرگانہ، انیس چوہدری، فضل درانی، حماد چوہدری، ظفر سیال، مشتاق وانی، محمد تنویر، سردار قیصر، اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ خواتین میں زاہدہ ملک اعوان، مومی ملک، رومہ بٹ ، صالحہ محمود، بینظیر جبیں اور دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔