لاہور (خصوصی نامہ نگار) افواج اور حکومت پاکستان کی طرف سے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی امداد کیلئے چوتھی امدادی کھیپ 20 ٹن امداد روانہ کر دی گئی ہے جو ضروری اشیاء پر مشتمل ہے جس میں غزہ میں زمینی ضروریات کے مطابق سرجیکل/طبی سامان، خشک کھانے کی اشیاء کے علاوہ حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور افواج پاکستان ابتک غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لئے 220 ٹن امدادی سامان روانہ کر چکی ہے۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور غزہ میں شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے بربریت اور اندھا دھند طاقت کا استعمال قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔ پاکستان، جنوبی افریقہ کی جانب سے فلسطینی عوام کی نسل کشی کے کیس کی انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہے اور جب تک فلسطینی عوام کو ایک آزاد خودمختار فلسطینی ریاست نہیں مل جاتی جس کا دارالخلافہ القدس شریف ہو، پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم وستم کی ہر سطح پر مذمت کرتا رہے گا۔