لاہور (خالد بہزاد ہاشمی) سلطان الہند‘ حضرت خواجہ غریب نواز‘ خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے 812 سالانہ عرس مبارک کی تقریبات اجمیر شریف (انڈیا) میں تزک و احتشام سے شروع ہو گئیں۔ پاکستانی زائرین کل پہنچیں گے۔ درگاہ حضرت خواجہ غریب نواز کے زیب سجادہ صاحبزادہ سید نصیرالدین چشتی نے اجمیر شریف سے نوائے وقت کو ٹیلی فون پر بتایا کہ گزشتہ شب یکم رجب المرجب کا چاند نظر آتے ہی نواب سراج الدولہ کے شاہی محفل خانہ میں پہلی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں سجادگان اور ملک بھر سے قوال پارٹیاں شرکت کرتی ہیں۔ اس موقع پر تمام کلام فارسی اور برج بھاشا (حضرت امیر خسرو کا کلام) میں پڑھا جاتا ہے۔ گزشتہ شب سجادہ نشین اور انکے والد دیوان سید زین العابدین نے آستانہ عالیہ شریف کو پہلا غسل دیا۔ بڑی اور چھوٹی دیگ میں سب سے بڑا میٹھا لنگر صبح شام جاری ہے جبکہ درگاہ کمیٹی‘ سجادگان‘ زائرین کے لنگر بھی جاری رہتے ہیں۔ حکومت نے سخت سردی کے پیش نظر پاکستانی زائرین کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ درگاہ حضرت محبوب الٰہی خواجہ نظام الدین اولیاء (نئی دہلی) کے سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی نے نوائے وقت کو ٹیلی فون پر اجمیر شریف سے بتایا 9 رجب تک جاری عرس مبارک میں روزانہ لاکھوں افراد شرکت کر رہے ہیں۔ گجرات اور مہاراشٹر سے بڑی تعداد میں زائرین آتے ہیں۔ دیوان سید طاہر نظامی نے بتایا کہ پاکستانی زائرین 10 روز اجمیر شریف میں قیام کرینگے۔ انکا ویزا صرف اجمیر شریف کا ہے اور وہ کسی اور بھارتی شہر نہیں جا سکیں گے۔