فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے میرا نواز شریف سے رشتہ ٹکٹ اور عہدہ مانگنے سے بہت بڑا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا قیادت نے ساری چیزیں سامنے رکھ کر مجھ سے کہا خود فیصلہ کریں، میں نے پھر ایک دفعہ نواز شریف سے رشتہ بچایا ہے، عہدہ نہیں۔انہوں نے کہا پارٹی میں ڈسکشن تھی جنہوں نے پارٹی کی مشروط مدد کی تھی تو یہ سب اس پس منظر میں ہوا، مجھے نواز شریف سے رشتہ بہت عزیز ہے۔ن لیگی رہنما نے مزید کہا نواز شریف سے میرا رشتہ ٹکٹ اور عہدہ مانگنے سے بہت بڑا ہے، ہمارے حصے میں ہمیشہ وفاداری نبھانا ہی آیا ہے ایک بار پھر وفاداری نبھائی۔ جب نواز شریف کیساتھ اپنا رشتہ دیکھتا ہوں تو پھر امتحان میں رشتہ نبھانا پڑتا ہے، تمام قیادت میرے ساتھ تھی، صورتحال میں فیصلہ مجھ سے ہی کرایا۔طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کارکنوں کے ساتھ زبردستی نہیں کی جاسکتی لوگ ردعمل دیتے ہیں، نواز شریف جہاں کہیں گے میں انتخابی مہم چلاؤں گا۔ نواز شریف جانتے ہیں وفاداروں کی کیا قدر و قیمت ہوتی ہے، میں تو ملک اور سیاست چھوڑنا چاہ رہا تھا لیکن نواز شریف کے الفاظ سے پھر یہ رشتہ اور وفاداری نبھائی۔ میں نے پارٹی سے کوئی بارگیننگ نہیں کی، میرا جماعت سے رشتہ مشروط نہیں۔ میں کوئی لوٹا نہیں کہ پارٹی کے سامنے شرطیں رکھوں، قیادت نے کہا سینیٹ الیکشن میں آپ شامل ہوں گے۔