لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بعض مذہبی شخصیات کوووٹ دینا دراصل (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے، یہ آپس میں اتحادی اور امریکا کے وفادار ہیں، ملک کو استعمار اور اس کے ایجنٹوں کے تسلط سے آزاد کرانا ہو گا۔ فرسودہ نظام کی وجہ سے ہی عوام محروم ہیں، قوم کے پاس کرپٹ سسٹم سے نجات حاصل کرنے کا موقع آ گیا، 8فروری کو ترازو کے حق میں فیصلہ کریں، اقتدار میں آ کر عوام کے حقوق کے حقیقی ترجمان بنیں گے، وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنا کر ترقی اور خوشحالی کا دروازہ کھولیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے چارسدہ کی تحصیل شبقدر کے حلقہ پی کے 66میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیدوار پی کے 66حاجی خداداد اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی کے پی مولانا ہدایت اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے غزہ میں مظالم کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا، موجودہ حکومت نے بھی کوئی احتجاج نہیں کیا، فلسطین میں خواتین، بچوں اور معصوم شہریوں کا قتل عام ہو رہا ہے اور یہ سب خاموش ہیں، یہ واشنگٹن کو راضی کر رہے ہیں تاکہ اقتدار پر مسلط رہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں ہر سال پانچ ہزار ارب کی کرپشن ہوتی ہے۔ 17ارب ڈالر سالانہ اشرافیہ ہڑپ کر جاتی ہے۔ عوام کی اکثریت اسلامی نظام چاہتی ہے، مگر انھیں سازش کے ذریعے اس سے محروم رکھا گیا۔ سراج الحق نے کہا کہ نام نہاد بڑی پارٹیوں کی پالیسیوں میں یکسانیت ہے، انھوں نے کشمیر پر مودی سے مفاہمت کی، یہ ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے کرنے والوں میں شامل ہیں۔ یہ اسرائیل کے خلاف نہیں بولتے۔ جماعت اسلامی نے ہر محاذ پر فلسطینیوں اور کشمیریوں کا مقدمہ لڑا، ہم اقتدار میں آ کر ڈاکٹر عافیہ کو امریکا سے واپس لائیں گے۔