سیالکوٹ + لاہور (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) ونڈو آپریشن کے تحت سیالکوٹ میں پنجاب کا دوسرا سٹیٹ آف آرٹ بزنس فیسلیٹیشن سینٹر آپریشنل کر دیا گیا۔ محسن نقوی نے میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کیا اور کاروباری شخصیات میں این او سی کے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا دورہ کیا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے قائم برق رفتار ون ونڈو آپریشن کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے این او سیزکا مقررہ مدت میں اجراء یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بزنس فیسلیٹیشن سنٹر میں سرکاری محکموں کے کاؤنٹرز سے کاروباری حضرات کو 124 این او سیز ایک چھت تلے جاری ہونگے۔ 14 روز میں این او سیز کا اجراء یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو میں ائر پورٹ سے سیالکوٹ تک سٹرک کو 15 فروری تک مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئی ایسی بات نہیں کرتا جو پوری نہ کر سکوں، وعدہ کرتا ہوں تو ہر صورت نبھاتا ہوں۔کوشش ہے کہ پراجیکٹس کو جانے سے پہلے مکمل کر کے جائیں۔ ایئرپورٹ سے سیالکوٹ کی طرف آنے والی دو رویہ سڑک 15فروری تک مکمل کر لیں گے۔ یہ نہیں کہہ رہا کہ ہسپتالوں میں دودھ کی نہریں بہادی ہیں لیکن پہلے سے بہت بہتر حالت میں ہیں۔ گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی میں چند روز میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹرز کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ تجاوزات کے خاتمے کے سلسلے میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکے۔ قبل ازیں محسن نقوی نے نئے راوی پل پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور نائٹ شفٹ میں پل کی تعمیر کیلئے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے نئے راوی پل منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔ پائلنگ، ڈرلنگ میں مصروف مزدوروں سے مصافحہ کیا اور شدید سردی میں رات گئے عوامی پراجیکٹ پرکام کرنے والے مزدوروں کو شاباش دی۔ ادھر پنجاب میں ڈیڈ لائن سے قبل عوامی منصوبوں کی تکمیل کا مشن مکمل کرنے کیلئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی وزیر کنٹینر میں شفٹ ہو گئے۔ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر کنٹینر میں شفٹ ہوگئے۔ صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور پراجیکٹ کی سائٹ پر کنٹینر میں بیڈ لگوا لیا اور عارضی رہائش اختیار کر لی۔ اظفر علی ناصر منصوبے کی تکمیل تک کنٹینر میں ہی رہائش رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ محسن نقوی کے رضاکار ہیں اور انہی کی نقش قدم پر چلیں گے اور میرے لئے وزیراعلی محسن نقوی کی دی ہوئی ہدایت پتھر پر لکیر ہے۔