ٹریفک دفاتر کی صورتحال کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر کر رہے ہیں : آئی جی پنجاب 

Jan 14, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ تھانوں کیساتھ ساتھ لاہور سمیت پنجاب بھر کے ٹریفک دفاتر کی صورتحال کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنایا جا رہا ہے ، ٹریفک لائسنسنگ کی شرح بڑھانے، آن لائن لائسنسنگ کے فروغ کیلئے پی آئی ٹی بی کیساتھ مل کر اقدامات کئے ہیں۔رحیم یار خان، راجن پور پولیس کو کچہ آپریشن میں سپورٹ کیلئے اے پی سی، سی ٹی ڈی کو آرمڈ گاڑیاں دے رہے ہیں جس سے ٹارگٹڈ کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائیگی۔ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل اور سروس ڈیلیوری بہتر بنا کر پنجاب پولیس کا مجموعی تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔ تھانوں کی اپنی عمارات کیلئے اراضی کا حصول، سمارٹ پولیس سٹیشنز کی تعمیر جاری ہے جبکہ راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے بعد 18 شہروں میں بھی سیف سٹیز پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قربان لائنز سیف سٹی اتھارٹی میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پنجاب ہائی وے پٹرول رولز میں ترمیم، لائسنسنگ سنٹرز، ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز، روڈ سیفٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی سہولت اور فورس کی فلاح و بہبود کیلئے مزید اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈی پی اوز تمام تھانوں میں ٹیلی کنٹرول رومز کو اپ گریڈ کرنے کے کام کی خود نگرانی کریں۔ رواں سال فورس اور اہلخانہ کی ہیلتھ، ایجوکیشن اور ویلفیئر کیلئے ماضی سے کہیں زیادہ فنڈ فراہم کریں گے۔

مزیدخبریں