جنرل ہسپتال :دو پیڈیاٹرک پروفیسرز کی سربراہی میں نمونیہ علاج کے خصوصی انتظامات

 لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی دار الحکومت میں سخت سردی اور آلودگی کے باعث چھوٹے بچوں میں نمونیہ کے کیسز کی وجہ سے لاہور جنرل ہسپتال میں علاج معالجے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر پیڈیاٹرک یونٹ کے پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہداور پروفیسر ڈاکٹر فہیم افضل کی سربراہی میں بچوں کا علاج معالجہ احسن طریقے سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بچوں کو نمونیہ سے بچاؤ کی ویکسین بھی دستیاب ہے جو حکومتی پالیسی کے مطابق مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ پروفیسر محمد شاہد اور پروفیسر فہیم افضل بچوں اور والدین میں نمونیہ سے متعلق آگاہی کیلئے سوشل میڈیا و دیگر پلیٹ فارم استعمال کریں اور لوگوں میں اس حوالے سے جس قدر ممکن ہو شعور اجاگر کریں۔ ایل جی ایچ عوامی خدمت اور نونہالوں کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے ہرآول دستے کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر سٹاف دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے اور طب کے پیشے کے وقار اورعزت سربلند کیلئے اپنے فرائض منصبی تندہی کے ساتھ سر انجام دیتے رہیں گے۔

ای پیپر دی نیشن