کئی ڈراموں میں دکھائی دینے والی اداکارہ مومنہ اقبال پاکستان اور خاص طور پر شوبز میں طلاق کے بڑھتے رجحان پر بات چیت کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔مومنہ اقبال نے نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے ہونے والے جیون ساتھی کی خصوصیات پر گفتگو کی اور ساتھ ہی شوبز کی جوڑیوں میں علیحدگی پر افسردگی کا اظہار کیا۔شو کے دوران ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے اپنے والدین کی مثال دی اور کہا کہ وہ چاہتی ہیں ان کا ہونے والا شوہر والد جیسا ہو۔انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ میرے والد کو بھی ان کے جیسے ہی داماد ملیں جو اپنی اہلیہ یعنی ہمارا اسی طرح خیال رکھیں جس طرح وہ رکھتے ہیں کیونکہ آج کل طلاقوں کی شرح بہت بڑھ رہی ہے۔مومنہ اقبال اس حوالے سے بات کرتے ہوئے رو پڑیں اور کہا کہ مجھے بہت افسوس ہوتا ہے جب دو محبت کرنے والوں کو بچھڑتا ہوا دیکھتی ہوں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ میرا اپنا ہے یا کوئی غیر ہے، یہ علیحدگی میرے گھر ہوئی یا کسی اور کے گھر، مجھے دکھ ہوتا ہے۔مومنہ اقبال نے مزید کہا کہ آج کل شوبز انڈسٹری میں بھی کافی طلاقیں اور بریک اپ دیکھنے میں آئے ہیں اور بعد میں پیٹ پیچھے لڑکے کو اس لڑکی کے لیے اور لڑکی کو اس لڑکے کے لیے برے الفاظ کہتے ہوئے سناجاتا ہے۔انہوں نے علیحدگی اختیار کرنے والے جوڑوں سے درخواست کی کہ آپ کا بریک اپ ہو یا طلاقیں ہوں اسے سوشل میڈیا سے دور رکھیں، کیونکہ جب آپ ایک دوسرے کے بارے میں سوشل میڈیا پر آکر برا بھلا کہتے ہیں تو وہ لوگ بھی خاموش نہیں رہ سکتے جن کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، جو انہیں جانتے تک نہیں وہ ان کے بارے میں ایسے تبصرے کرتے ہیں جیسے وہ سب جانتے ہوں۔انہوں نے ساتھی فنکاروں کے ساتھ دیگر لوگوں سے بھی درخواست کی کہ اگر آپ کی اپنے جیون ساتھی کے ساتھ بن نہیں رہی ہے تو بےشک الگ ہو جائیں لیکن خوشگوار انداز میں، کیونکہ جس کے ساتھ اتنا اچھا وقت گزارا ہے اس سے دشمنی نہیں ہو سکتی، علیحدگی کے بعد بھی اس رشتے کا لحاظ رکھنا چاہیے۔
'افسوس ہوتا ہے'، مومنہ اقبال شوبز میں بڑھتی طلاقوں پر آبدیدہ ہوگئیں
Jan 14, 2024 | 16:49