پاکستان کے پاس ڈرون گرانے کی صلاحیت موجود ہے، فیصلہ حکومت نے کرنا ہے: ثمر مبارک مند

Jul 14, 2013

لاہور (آئی اےن پی) ایٹمی سائنسدان و تھرکول پراجیکٹ کے سربراہ ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا ہے پاکستان کے پاس امریکی ڈرون طیارے مار گرانے کی صلاحیت موجود ہے۔ پاک فضائیہ بھارت کا اسرائیلی ساخت کا ڈرون طیارہ مار گرا چکی ہے۔ تھرکول پراجیکٹ سے 50ہزار میگاواٹ بجلی اور 10کروڑ بیرل ڈیزل سالانہ پیدا کیا جا سکتا ہے۔کوئلے سے چلنے والا چھوٹا پلانٹ 10لاکھ روپے کی لاگت سے 4 میگاواٹ بجلی پیدا کر سکتا ہے۔ اپنے اےک انٹروےو مےں ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا کہ پاک فضائیہ کے پاس ایف 16جیسے طیارے موجود ہیں جو کسی بھی ڈرون کو گرا سکتے ہیں‘ پاکستان امریکی ڈرون طیارے گرانے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن یہ ایک سٹریٹجک معاملہ ہے، ڈرون طیارے مار گرانے کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا مشرف اورپی پی دور میں کوئی نیا ڈیم نہیں بنا جس سے لوڈشیڈنگ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا‘ میں نے شہباز شریف اور سندھ حکومت کو کوئلے کی مدد سے چلنے والے سستے بجلی یونٹ لگانے کا کہا مگر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ مائننگ کےلئے سہولیات کی کمی اور امن وامان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر غیر ملکی کمپنیاں بھاگ جاتی ہیں‘ مجھے نواز شریف سے امےد ہے تھرکول پراجیکٹ کو سپورٹ کریں گے‘ ہم 9600کلومیٹر پر محیط 175ارب ٹن کوئلہ ضائع کر رہے ہیں۔ ایٹم بم کی بدولت ہمیں ٹینک، توپیں اور دیگر جنگی ہتھیار نہیں خریدنا پڑتے، ایٹمی طاقت ہونے کے بل بوتے پر دشمن کو بروقت اور منہ توڑ جو اب دے سکتے ہیں۔

مزیدخبریں