اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ نے پی او اے کی عبوری کمیٹی کے زیراہتمام نیشنل گیمز کیلئے مختص فنڈزمیں مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر گھپلوں کی مبینہ اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے اخراجات کا فوری آڈٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ نے الزامات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اخراجات کا فوری آڈٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، انھوں نے آرگنائزنگ کمیٹی کو رپورٹ تیار کرکے جلداز جلد ارسال کرنے کی ہدایت کر دی، فنڈز کے شفاف استعمال کی جانچ کیلئے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور وزارت کے تحت ایک انکوائری کمیٹی تشکیل کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔دوسری جانب بین الصوبائی رابطے کے وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے ایک انٹرویو میں کہاکہ ملک میں دو اولمپک ایسوسی ایشن کی موجودگی سے کھیل اور کھلاڑیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے ¾اس وقت دو سابق فوجی افسران کھیلوں میں جمہوریت کے حوالے سے لڑ رہے ہیں مگر اس سے زیادہ نقصان ملک کا ہورہا ہے۔ آئی او سی کو ایک اور خط بھیج رہے ہیں جس میں ان سے یہ درخواست کی جائے گی کہ پاکستان کی رکنیت معطل نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جنرل (ر)عارف حسن اور میجر جنرل (ر)اکرم ساہی سے ملاقات میں کہا کہ اس معاملے کو آپس میں طے کرلیا جائے تاکہ پاکستان بدنامی سے بچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرے گی۔ قومی سپورٹس پالیسی پر بھی مکمل عملدرآمد کرائیں گے، ان کے خلاف ایکشن ہوگا اس حوالے سے ہم ان کی عالمی تنظیم سے عدالتی فیصلے اور حکومتی پالیسی کے حوالے سے رابطہ کریں گے۔
نیشنل گیمز کیلئے مختص فنڈز میں گھپلے‘ آڈٹ کرانے کا فیصلہ
Jul 14, 2013