نئی دہلی (این این آئی) بھارتی ریاست گجرات میں 2002ءکے فسادات میں مسلمانوں کی شہادت کے حوالے سے وزیر اعلی نریندر مودی نے کہا ہے کہ انہیں تو کتے کی موت پر بھی دکھ ہوتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا سے ایک انٹرویو میں 2002کے فسادات میں ہلاکتوں کے بارے میں پوچھے جانے پر نریندر مودی نے کہا کہ اگر میں کار چلا رہا ہوں اور میری کار کے نیچے کتے کا پلا بھی دب جائے تو مجھے تکلیف ہو تی ہے۔ میں وزیراعلی ہوں، اگر کہیں پر کچھ برا ہوتا ہے تو تکلیف ہونا فطری ہے۔ کتے سے موازنہ کرنے پر مودی کے بیان پر کانگریس اور کئی دیگر جماعتوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ کانگریس کے ترجمان سنجے جھا نے کہا کہ نریندر مودی کا بیان قابل مذمت ہے سینکڑوں انسانوں کے مارے جانے کا موازنہ ایک چھوٹے سے پلے کی موت سے کرنا تکلیف دہ ہے۔ اے ایف پی کے مطابق نریندر مودی کا کہنا ہے کہ ان کا پلے سے تقابل کرنا کسی کے خلاف نہیں تھا۔ بی جے پی نے بھی نریندر مودی کا دفاع کیا ہے۔