کراچی (این این آئی) گزشتہ ہفتے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح10 فیصد کے قریب پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق 11جولائی کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں گذشتہ سال اس عرصے کے مقابلے میں 9.4 فیصد اور گذشتہ ہفتے کی نسبت0.36 فیصد اضافہ ہوا، 8 ہزار روپے ماہانہ آمدنی والا طبقہ مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا اور اس کے لئے مہنگائی 9.9 فیصد بڑھ گئی۔ ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق گزشتہ ہفتے قیمتوں کے حساس اشاریئے میں شامل روزمرہ استعمال کی 53 اشیا میں سے 19کی قیمتوں میں اضافہ اور صرف 15 میں کمی ہوئی، تاہم 19اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ 28 فیصد اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں ہوا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے انکشاف کیا ہے کہ اسلامی مہنیوں کے دوران مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے، اشیاءکی قیمتیں سب سے زیادہ شعبان اور رمضان میں بڑھتی ہیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق زیادہ منافع کی لالچ میں دکاندار رمضان المبارک سے پہلے ہی اشیاءکی قیمتیں بڑھا دیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 1976 سے 2008 کے دوران سب سے زیادہ مہنگائی شعبان میں ہوئی۔