کراچی (این این آئی)جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا ہے رمضان المبارک اتفاق اتحاد و ایثار قربانی کا درس دیتا ہے، افطاری اور سحری کے اوقات میں فلسطین کے مسلمانوں کی مدد اور نصرت اور اسرائیل کی بربادی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے، انشاء اللہ امت مسلمہ کے اتفاق واتحاد کی طاقت اور اللہ کی مدد سے اسرائیل نیست نابود ہوگا، ہر مسلمان رمضان کو اپنا آخری رمضان سمجھ کر عبادت کرنی چاہیے خوش قسمتی سے زندگی میں رمضان کی مبارک گھڑیاں آتی ہیں کتنے ہی لوگ گذشتہ رمضان میں ہمارے ساتھ موجود تھے مگر آج نہیں ہیں، اتوار کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں معتقدین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمد نعیم نے کہاکہ رمضان المبارک اتفاق اتحاد ایثار قربانی کا درس دیتاہے،اس میں بھوک اور پیاس دوسرے کی بھوک اور پیاس کے احساس کو جگاتی ہے، جبکہ فطرہ کے ذریعے سے دوسری مسلمان کی ضرورت کا احساس ہوتاہے، انہوںنے کہاکہ فلسطین کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعاء وں کی ضرورت ہے گزشتہ ایک صدی سے اسرائیل نے وہاں کے مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کررکھاہے، آئے روز حیلے بہانوں سے نہتے فلسطین کے مسلمان بوڑھے جوان اور خواتیں کا قتل عام کیا جارہاہے، ساری عالمی طاقتیں اور انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں مسلمان اللہ سے رجو ع کریں انشاء اللہ امت مسلمہ کے اتفاق اتحاد کی طاقت اور اللہ کی مدد سے اسرائیل نیست نابود ہوگا، انہوں نے کہاکہ افطاری اور سحری کے اوقات میں فلسطین کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعاوں کا اہتمام کیا جائے اللہ تعالیٰ ان کی مدد نصرت فرمائیں اور اسرائیل کو نیست نابود کردے، مفتی محمد نعیم نے کہاکہ رمضان المبارک رب کو رضی کرنے کا سنہرا موقع ہے جس کا ہر لمحہ قیمتی ہے، مسلمان اللہ کی رضا کیلئے کھانا پینا اور خواہشات نفسانیہ کو چھوڑ کر رات کو تراویح وقیام لیل میں مشغول ہوتے ہیں انہوں نے کہاکہ حدیث پاک کے مطابق بہت سے خوش بخت لوگ ہونگے جن کی اللہ پاک مغفرت فرمائیں گے، اس مبارک مہنے میں اللہ پاک کی جنت کے دروازے کھول دیتے ہیں جنہم کے دروازے بند کردیتے ہیں، شیاطین کو قید کردیا جاتا ہے، اس مبارک مہینہ میں ایک شب قدر کہلاتی ہے، رمضان المبارک میں افطار اور سحر کے اوقات میں اللہ پاک روزہ داروں کی دعائیں قبول فرماتے ہیں، اس مبارک ماہ کا اول حصہ رحمت، درمیانی حصہ مغفرت اور آخری حصہ جہنم سے آزادی کا ہے، مفتی محمد نعیم نے مزید کہاکہ مدارس دیینہ اسلام کے قلعے اور دینی علوم کی اشاعت میں مصروف ہیں، اہل خیر ذمہ داری ہے کہ وہ مدارس کے ساتھ تعاون کریں، رمضان کے ہر لمحہ کو قیمتی بنایا جائے، رمضان خوش قسمتی سے زندگی میں آتاہے کتنے ہی لوگ گزشتہ رمضان میں موجود تھے آج نہیں ہیں ہر شخص رمضان کو آخری سمجھ کر عبادت پر توجہ دیں۔
مسلمان فلسطین کے مظلوموں کو خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں: مفتی محمد نعیم
Jul 14, 2014