کراچی (این این آئی) وفاقی حکومت کی اعلی شخصیات نے متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیو ایم) کی قیادت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کراچی آپریشن اور کارکنوں کی گرفتاریوں پر ایم کیو ایم کے تحفظات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔وزیر اعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کا فوری جائزہ لیں اور قانون کے مطابق ایم کیو ایم کی قیادت کے تحفظات کو دور کیا جائے، اگر کسی کارکن کو بے گناہ گرفتار کرنے کی کوئی شکایت سامنے آئی ہے تو اس معاملے کی بھی فوری تحقیقات کرائی جائے گی۔یہ یقین دہانی کا پیغام وفاقی حکومت کے سیاسی رابطہ کار نے ایم کیو ایم کی قیادت تک پہنچادیا، تاہم اگر کوئی سیاسی کارکن غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس پیغام کے موصول ہوتے ہی ایم کیو ایم کی قیادت نے مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا۔ ایم کیو ایم کے حلقوں کا اپنے جواب میں وفاق کو کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی یقین دہانی کے بعد ہمیں یقین ہے کہ ہمارے بے گناہ گرفتار کارکنان کو رہا کردیا جائے گا، اگر زیادتیوں کا سلسلہ جاری رہا تو پھر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وفاقی حکومت کو بھیجی گئی رپورٹ میں کہاکہ کراچی میں گذشتہ کئی روز سے جاری چھاپہ مار مہم میں ایم کیو ایم سمیت کسی سیاسی جماعت کو ٹارگٹ نہیں کیا گیا۔
وفاق کی کراچی آپریشن،کارکنوں کی گرفتاریوں پرمتحدہ کے تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی
Jul 14, 2014