لاہور (نامہ نگاران) مختلف شہروں میں گھریلو رنجش، جھگڑوں اور دیگر وجوہات پر دو شادی شدہ خواتین سمیت 5 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق چوہنگ میں 18 سالہ فیضان نے والدین کی ڈانٹ پٹ سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھالیں۔ فیضان نے دو سال قبل پڑھائی چھوڑ دی تھی اور وہ رائیونڈ میں موٹر سائیکل مکینک کا کام سیکھ رہا تھا۔ گزشتہ روز والدین نے اسے ڈانٹا تو اس نے زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ موڑ کھنڈا میں گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر نوجوان نے سسرال میں جا کر خودکشی کر لی۔ وقاص گھریلو جھگڑوں سے تنگ تھا اور کاروباری طور پر بھی پریشان تھا۔ کل رات اپنے سسرال گیا وہاں بھی جھگڑا ہو گیا جس پر اس نے اپنے سسر کے پستول سے اپنے پیٹ میں فائر مار لیے۔ بہاولنگر کی دانی بی بی کی شادی تقریباََ آٹھ سال قبل حنیف جوئیہ سے ہوئی تھی لیکن اُنکے ہاں اولاد نہ تھی جس پر دونوں میاں بیوی میں اکثر جھگڑا رہتا تھا جس پر دانی بی بی نے طیش میں آکر زہریلی گولیاں کھالیں۔ ہڑپہ میں موضع احمد بگھیلا کے 60 سالہ نور محمد بگھیلا نے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر نہر لوئر باری دوآب میں کود کر خودکشی کر لی۔ میاں چنوں کے نواحی گائوں 13/8R میں شادی شدہ خاتون نوراں بی بی نے گھریلو جھگڑوں پر دلبرداشتہ ہوکر خود کو کمرے میں بند کرکے آگ لگالی جسے فوری ہسپتال لایا گیا مگر وہاں اس کا جسم مکمل جھلس چکا تھا جس سے اس کا انتقال ہوگیا۔