ایشین گیمز کی تیاری، ہاکی تربیتی کیمپ میں کھلاڑی بیہوش ہونے لگے

Jul 14, 2014

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سینئر ہاکی ٹیم مینجمنٹ کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث ایشین گیمز کی تیاری کے لیے اسلام آباد میں جاری تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں بے ہوش ہو کر ان فٹ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ ایک ہفتہ میں چوتھا کھلاڑی دوران پریکٹس بے ہوش ہو کر گر گیا تاہم کوچنگ پینل کی جانب سے کھلاڑیوں کی بے ہوشی کو ڈرامہ کا نام دیکر اسے پریکٹس جاری رکھنے پر مبجور کیا جاتا رہا۔ ٹیم ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ کوچنگ سٹاف خاص طور پر ہیڈ کوچ شہناز شیخ اور معاون کوچ سمیر حسین کی جانب سے کھلاڑیوں پر سختی کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل تصور عباس، کاشف علی اور ارسلان قادر بھی دوران ٹریننگ بے ہوش ہو چکے ہیں۔ کھلاڑیوں نے نام نہ ظاہر کرنے پر بتایا کہ کوچنگ سٹاف کی جانب سے کھلاڑیوں کو تربیت دینے کی بجائے ان پر سختی برتی جا رہی ہے خاص طور کوچنگ کا تجربہ نہ رکھنے والے سمیر حسین نے کھلاڑیوں کو بلیک میل کرنا شروع کر رکھا ہے۔ ٹیم ذرائع نے بتایا کہ سمیر حسین کو سابق اولمپیئنز کی سفارش پر سینئر ٹیم کے ساتھ لگایا گیا ہے۔

مزیدخبریں