لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کی کوششوں سے ایشین گیمز کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کو بحرین کے خلاف ایک اور اضافی پریکٹس میچ کھیلنے کو مل گیا۔ پی ایف ایف ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان ٹیم اگلے ماہ بھارت کے خلاف دو میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے بنگلہ جائے گی جہاں 17 اور 20 اگست کو میچز کھیلنے کے بعد بھارت سے بحرین چلی جائے گی۔ پاکستان اور بحرین کی ٹیموں کے درمیان بھی دو میچ کھیلے جائیں گے جس میں ایک میچ بحرین کی اولمپک فٹبال ٹیم کے ساتھ ایک میچ ہوگا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار لودھی کے مطابق ایشین گیمز میں اچھے نتائج کے لیے پاکستان ٹیم کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل میچز مہیا کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت کے خلاف پاکستان کی تین میچوں کی سیریز کافی عرصہ سے تعطل کا شکار چلی آ رہی تھی جس کو یقینی بنانے کے لیے بھارتی فٹبال فیڈریشن سے درخواست کی تھی جس پر انہوں نے بنگلور میں دو میچ کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کی۔ پاکستان ٹیم بھارت کے دورہ پر 15 اگست کو روانہ ہوگی جبکہ وہاں دو میچوں کی سیریز کھیلنے کے بعد بحرین روانہ ہو جائے گی۔