بغداد (اے پی پی) عراق میں عسکریت پسند تنظیم داعش نے الضلوعیہ پرقبضہ کرلیا ہے جبکہ جنگجوئوں کے ساتھ جھڑپ میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں چار پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق عراق میں داعش نے مزید پیشقدمی کرتے ہوئے ایک اورقصبہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق داعش جنگجوئوں نے اتوار کی صبح دارالحکومت بغداد کے شمال میں 80 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع الضلوعیہ پر حملہ کیا اور پولیس سٹیشن اور دو سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق داعش جنگجوئوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں چار پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔یاد رہے کہ عراق نے داعش نے موصل اور تکریت سمیت کئی اہم قصبوں پر بھی قبضہ کرلیا ہے اور ان کی پیشقدمی تاحال جاری ہے جبکہ عسکریت پسندوں کی پرتشدد کارروائیوں اور عراقی سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔