کابل (این این آئی)افغان حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے مشرقی صوبے پکتیکا میں سرحد پر خار دار تار لگاناشروع کر دی ہے۔افغان صدر حامد کرزئی کی صدارت میں اتوار کو ہونے والی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی فورسز نے پکتیکا کے ساتھ سرحد پر خار دار تار لگانی شروع کر دی ہے۔ کرزئی نے وزیر داخلہ ، وزیر سرحد و قبائلی امور اور دیگر سکیورٹی حکام کو اس سلسلے میں تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے بعد حکومت پاکستان نے کئی مرتبہ افغانستان سے سرحد پر سکیورٹی بڑھانے کی درخواست کی تھی تاہم ہفتے کو بھی شدت پسندوں نے باجوڑ میں پاکستانی پوسٹ پر حملہ کر کے تین فوجیوں کو شہید کردیاتھا۔