لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے جماعۃ الدعوۃ کے کارکنان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے جہاں کہیں بھی لوگ متاثر ہو رہے ہوں وہاں فی الفور پہنچ کر ان کی ہر ممکن مدد کریں اور جن شہروں و علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے وہاں امدادی سرگرمیوں کیلئے ہر وقت تیار رہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے مختلف علاقوں میں سیلاب کے باعث فصلوں اور زمینوں کے ہونے والے نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کارکنوں و ذمہ داروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ متاثرہ بھائیوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب سے بعض مقامات پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں جن سے کسانوں اور زمینداروں کا شدید نقصان ہوا ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے اور کسانوں و زمینداروں کی فصلیں بچانے میں بھرپور کردار ادا کرے۔