ممبئی حملہ کیس،بھارتی گواہوں کو پیش نہ کرنے پر عدالت برہم ،سفارتخانے سے رابطے کا حکم

Jul 14, 2016

اسلام آباد(نامہ نگار) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرام نے ممبئی حملہ کیس میں ڈی جی ایف آئی اے کو بھارتی گواہان پیش کرنے کے لئے پاکستان میں قائم بھارتی سفارت خانے سے رابطہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 20 جولائی تک ملتوی کر دی ۔بدھ کو عدالت نے ممبئی حملہ کیس کی سماعت کی تو اس موقع پر ایف آئی اے کے انسپکٹر واثق سعید عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ایف آئی اے حکام سے بھارتی گواہان پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی گواہوں کو ایف آئی اے کیوں پیش نہیں کر پا رہی۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر بھارتی سفارتخانہ سے کیے گئے رابطے سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے ۔ عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو بھارتی سفارتخانے سے رابطہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 20 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔

مزیدخبریں