اسلام آباد/ لندن (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) عمران خان نے ایک بار پھر اپنی تیسری شادی کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہے۔ ٹوئیٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا میں میری شادی کے حوالے سے جس خاتون کی تصاویر چلائی گئیں نہ میں اسے جانتا ہوں نہ کبھی ملا ہوں۔ اس طرح کی گمراہ کن خبریں دینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے اور اخلاقی طور پرزوال پذیر ہونے کا عکاس ہے۔ میڈیا کی جانب سے میری شادی کے حوالے سے جھوٹی خبریں چلانا انتہائی غیر اخلاقی حرکت ہے، اگر برطانیہ میں ایسا ہوتا تو کئی لوگ عہدوں سے فارغ ہو جاتے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے عمران خان کی شادی سے متعلق غلط اور بے بنیاد خبریں نشر کرنے پر پیمرا کو میڈیا چینلز کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔ تحریک انصاف نے کہا ہے کہ میڈیا نے سارا دن پارٹی چیئرمین عمران خان کی شادی سے متعلق غلط خبریں پیش کرکے ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا۔ غلط خبریں اس وقت چلائی گئیں جب عمران خان لندن میں اپنے بچوں کے ساتھ تھے ، میڈیا پر دکھائی گئی خاتون کا عمران خان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عمران خان کی شادی سے متعلق نشریات پر پیمرا خاموش تماشائی بنا رہا۔علاوہ ازیں پیمرا عمران خان کی شادی سے متعلق خبروں پر 15جولائی کو سماعت کرے گا۔ شکایت کونسل آف کمپلینٹ اسلام آباد بھجوا دی گئی ہے۔
عمران/ ٹویٹ