کراچی/ اسلام آباد/ سیالکوٹ (این این آئی+ صباح نیوز+ نوائے وقت+ نامہ نگار) محکمہ موسمیات نے منگل اور بدھ کو شہر قائد میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی تھی لیکن گذشتہ کئی برسوں کے دوران کی جانے والی سینکڑوں پیش گوئیوں کی طرح یہ بھی غلط ثابت ہوئی اور ہوا کا کم دباﺅ ایک بار پھر بغیر برسے ہی ختم ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہنا تھا خلا سے مصنوعی سیاروں کی مدد سے لی گئی تصویر کے مطابق بھارت سے سندھ کے زیریں علاقوں میں داخل ہونے والا بارش دینے والا سسٹم کمزور پڑ گیا ہے اور اس بات کا قومی امکان یہ ہے کہ سسٹم سمندر میں اتر جائے گا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف محکمہ موسمیات کی کارکردگی پر برہم ہو گئے اور انہوں نے کہا کہ پیشگوئی کے مطابق بارشیں نہیں ہو رہیں ادارہ اپنا کام بہتر بنانے پر توجہ دے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی زیرصدارت فیڈرل فلڈ کمیشن کے اجلاس میں مون سون موسم کے لئے وفاقی اور صوبائی اداروں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ تمام داروں نے پیشگی اقدامات پر بریفنگ دی اور بتایا گیا کہ سیلاب کی صورت میں پاک فوج کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ خواجہ آصف نے محکمہ موسمیات کو موسم کی پیش گوئی کا نظام بہتر کرنے کی ہدایت کی تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بروقت اقدامات کئے جا سکیں۔ اجلاس کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کوکم کرنے کیلئے مختلف اداروں کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ پاک فوج اور قومی ہنگامی امدادی ادارہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ اجلاس میں صوبوں کو دریاﺅں کے قریب موجود رکاوٹیں ہٹانے اور راولپنڈی، ملتان، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں نالوں کی صفائی کرنے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں دریائے سندھ میں سکھر اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ پنوعاقل، گھوٹکی، روہڑی کیٹی بندر کے سمیت 25 دیہات زیرآب آگئے جبکہ لوگوں کی اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقلی جاری رہی۔ امدادی سرگرمیاں شروع نہ ہونے پر لوگ آپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے لگے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق دریائے چناب کے پانی میں اضافہ ہوگیا اور ہیڈمرالہ کے مقام پردریائے چناب میں پانی کی آمد ساڑھے 73ہزار کیوسک رہی۔ ڈسٹرکٹ فلڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے آنے والے دریائے چناب میں پانی کی مقدار 73ہزار پانچ سو کیوسک ہے۔ سپورٹس رپورٹر کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران (کراچی، میرپور خاص، حیدرآباد ڈویژن) (قلات، نصیر آباد، مکران، ژوب ڈویژن)، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواو¿ں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں شدید بارشوں کی پیشگوئی غلط ثابت، خواجہ آصف محکمہ موسمیات پر برہم
Jul 14, 2016