اوکاڑہ : حساس ادارے کی کارروائی‘ چھ دہشت گرد ہلاک‘ بھارتی دھماکہ خیز مواد برآمد

اوکاڑہ + اختر آباد + چمن (نامہ نگاران+ آئی این پی) حساس ادارے کی بروقت کارروائی سے اوکاڑہ بڑی تباہی سے بچ گیا‘ حساس ادارے سے مقابلے کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ دو سکیورٹی فورس کے اہلکار زخمی ہو گئے‘ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضہ سے راکٹ لانچر، خود کش جیکٹ، بارودی مواد اور بھارتی ساختہ دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا جبکہ چمن میں بھی دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور 5 شدت پسندوں کو گرفتار کر کے بارود سے بھری گاڑی سمیت اسلحہ کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حساس ادارے کو اطلاع ملی تھی کہ تھانہ ستگھرہ کے علاقہ 28ٹو آر میں ایک ڈیرے پر دہشت گرد موجود ہیں جوکہ بڑی دہشت گردی کی پلاننگ کر رہے ہیں جس پر حساس ادارے کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آ کر دو حساس ادارے کے اہلکار زخمی ہو گئے اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ شروع ہو گئی۔ کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضہ سے مارٹر گولے، راکٹ لانچرز، دستی بم، کلاشنکوف، بھارتی ساختہ پلاسٹک ہائی ایکسپلوئر، شناختی کارڈز، سینکڑوں گولیاں، کھانے کا خشک راشن، بارودی مواد، نٹ بولٹ اور دیگر سامان برآمد ہوا جس کو حساس ادارے اور پولیس نے اپنی تحویل میں لیتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ ڈی پی اوکا کہنا تھا کہ مارے جانے والے دہشت گردوں نے مبینہ طور پر ایک سرکاری آفس پر حملہ کی منظم طریقہ کار سے منصوبہ بندی کر رکھی تھی جبکہ انکے سٹائل سے ایسا لگ رہا تھا کہ وہ القاعدہ کے ساتھ تعلق رکھتے تھے۔ ہلاک ہونے والے 6 میں سے 4 دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی ہے جن میں عامر صہیب، سعید الرحمان، سمیع اور یاسب الرحمان شامل ہیں جن کا تعلق ضلع ہنگو، اٹک، بنوں اور شانگلہ سے بتایا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں بدھ کو ایف سی اور حساس ادارے نے چمن کے علاقے گلدار باغیچہ میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے تین ٹھکانوں پر آپریشن کیا اور دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ڈی پی اواسد خان ناصر نے بتایا کہ آپریشن میں دوطرفہ فائرنگ کے بعد پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک ٹوڈی گاڑی جس میں بارود بھرا جارہا تھا جسے شہر میں کسی بڑی کارروائی کے لئے استعمال کیا جانا تھا، برآمد کر لی۔ دہشت گردوں کا تعلق افغان علاقے کنڑ سے ہے جن کو تفتیش کے لیے خفیہ مقام منتقل کر دیا گیا۔ نیشنل رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے 6 دہشت گرد افغان طالبان ہیں، ان سے برآمد ہونے والے شناختی کارڈ جعلی ہیں۔



ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...