لاہور (خصوصی رپورٹر) کشمیری شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اورانہیں جلد بھارتی تسلط سے آزاد ی حاصل ہو گی۔کشمیریوں کا نعرہ ” کشمیر بنے گا پاکستان“ ہے اور اس کیلئے ان کی جدوجہد جاری ہے۔ ان خیالات کااظہار کشمیری رہنما و صدر نظریہ¿ پاکستان فورم میرپور، آزادکشمیر مولانا محمد شفیع جوش نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں ”یوم شہدائے کشمیر“ کے موقع پر شہدائے کشمیر کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی لیکچر کے دوران طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔اس لیکچر کا اہتمام نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔مولانا محمد شفیع جوش نے کہا کہ 1931ءمیں کشمیر پر ایسے حکمران مسلط تھے جنہوں نے خطبہ¿ جمعہ اور گائے ذبح کرنے پر پابندی لگا دی۔ اسی سال ایک ڈوگرہ سپاہی نے تلاوت کرتے ایک مسلمان سے قرآن پاک چھین کر باہر پھینک دیا ۔ ان واقعات پر احتجاج سے کشمیر میں ایک بیداری کی لہر پیدا ہوئی۔ احتجاج کے دوران عبدالقدیر نامی ایک نوجوان نے مسلمانوں میں جوش و جذبہ پیدا کرنے کیلئے جوشیلی تقریر کی ،اس پر مقدمہ درج ہو گیا ۔ 13جولائی کو مقدمہ کی جیل کے اندر سماعت ہورہی تھی ،اتنے میں ظہر کی اذان کا وقت ہو گیا ۔ایک مسلمان نے اذان شروع کی تو ڈوگرہ فوج کے سپاہیوں نے گولی چلا دی ۔وہ مسلمان شہید ہو کر گر پڑا تو اس کی جگہ دوسرے مسلمان نے اذان وہیں سے شروع کر دی اسے بھی شہید کر دیا گیا ۔اس طرح اذان مکمل کرتے کرتے متعددمسلمان شہید ہو گئے ۔اسی لیے یہ دن یوم شہدائے کشمیر کے نام سے منایا جاتا ہے۔