اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)دفتر خارجہ کی طرف سے اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کو لکھا گیا ایک خط منظر عام پر آیا ہے جسمیں وزارت خارجہ کی طرف سے لکھا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المختوم سے فوری طور پر فون پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ اس خط کا نمبر No.DG(ME)-1/1/2017ہے۔ خط پر بظاہردفتر خارجہ کی مہر ثبت ہے اور 12جولائی2017ءکی تاریخ درج ہے۔ اس مبینہ خط کو پانامہ کیس کے حوالہ سے اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ جے آئی ٹی نے اس کیس کی بعض تفصیلات کی امارات سے بھی تصدیق کروائی ہے۔ دفتر خارجہ نے رات گئے تک اس خط کی تردید یا تصدیق نہیں کی تاہم حکمراں جماعت کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو ذاتی یا سیاسی مقصد کیلئے امارات کے نائب صدر سے گفتگو کیلئے قابل اعتماد غیر رسمی زرائع میسر ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ فوری نوعیت کی کسی گفتگو کیلئے دفتر خارجہ کے ذریعہ خط لکھنے کی ضرورت نہیں تھی۔ تاہم مذکورہ خط میں کہا گیا ہے کہ امارات کے نائب صدر یو اے ای محمد بن راشد المختوم کو فون کرنے کے حوالے سے ابوظہبی میں پاکستان کے سفارتخانے نے پہلے ہی یو اے ای کے حکام سے رابطہ کیا ہے لیکن آج ہی(بارہ جولائی، بروز بدھ) کسی موزوں وقت پر ٹیلیفون پر بات کیلئے سفارتخانے کی معاونت کی بھی ضرورت ہے۔ فون کے لئے نائب صدر یو اے ای کے دفتر کو وزیراعظم آفس کے کسی ایک نمبر سے رابطہ کیا جائے گا۔ یہ نمبر 0092-51-9225403, 0092-51-9221755, 0092-51-9225406 ہیں۔ سفارتخانے یو اے ای سے درخواست ہے کہ اس ضمن میںانتظامات کرکے جلد سے جلد خارجہ سیکرٹری کے دفتر یا چیف آف پروٹوکول کو تصدیق کرے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے ناظم الامور عبدالعزیز الراشد نے دو دن قبل یعنی بدھ کے روز دفتر خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل مشرق وسطی ڈیسک سے ملاقات کی ہے۔جس میں انہوں نے مشرق وسطی کی جاری صورتحال کے حوالے سے اپنے ملک کا نکتہ نظر معلوم کیا۔
”وزیراعظم شیخ راشد سے فوری بات کرنا چاہتے ہیں“ خط منظر عام پر آگیا
Jul 14, 2017