واشنگٹن (اے پی پی) امریکی فیڈرل ریزروبنک کی خاتون سربراہ جینیٹ یلین نے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت میں بے یقینی کی وجوہات میں صدر ٹرمپ کی مالیاتی پالیسیاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بات امریکی کانگریس کو ایک سماعت کے دوران بتائی ہے۔
امریکہ کے مرکزی بنک کی خاتون سربراہ نے امریکی کانگریس میں ہر چھ ماہ بعد دیئے جانے والے اپنے ایک حلفیہ بیان میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ فیڈرل ریزرو بنک کی طے کردہ مرکزی شرح سود میں آئندہ بتدریج اضافہ ہو گا اور مستقبل میں امریکی معیشت میں ترقی کی شرح اور روزگار کے مواقع میں اضافہ بھی دیکھنے میں آئے گا۔ امریکہ میں مالیاتی شعبے کی اس طاقتور ترین خاتون نے کانگریس کو یہ بھی بتایا کہ ساتھ ہی یہ بات بھی تاحال غیر واضح ہے کہ مستقبل قریب میں امریکی معیشت میں کس طرح کی صورت حال دیکھنے میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سرکاری اخراجات میں ممکنہ کمی کے جو اعلانات کر رکھے ہیں اور ٹرمپ انتظامیہ کی دیگر مالیاتی پالیسیاں بھی امریکی معیشت میں پائی جانے والی موجودہ بے یقینی کی وجوہات میں شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت امریکہ میں افراط زر کی شرح 1.4 فیصد ہے جبکہ مرکزی بینک کا ہدف یہ ہے کہ یہ شرح 2 فیصد کے قریب تک ہونی چاہیے۔
رےزرو بنک
امریکی معیشت میں بے یقینی‘ ٹرمپ کی مالیاتی پالیسیاں بھی ایک وجہ ہے: سربراہ فیڈرل ریزروبنک
Jul 14, 2017